بھٹکل 22/اگست (ایس او نیوز) بھٹکل اور ریاست کرناٹک سمیت امسال پہلی بار ملک بھر میں ایک ساتھ آج بدھ کو عیدالاضحیٰ مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منائی گئی۔ مساجد اور عید گاہوں میں ہزاروں چھوٹے بڑے اجتماعات منعقد ہوئے جن میں امت مسلمہ کی سربلندی و اتحاد کے ساتھ ساتھ ملک میں بھائی چارگی اور امن و سلامتی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔ علمائے کرام نے فلسفہ قربانی اور سنت ابراہیمیؓ پر روشنی ڈالتے ہوئے بتایا کہ عیدالاضحیٰ اپنی ہر دل عزیز شے کو اللہ کی رضا کے حصول کے لیے قربان کرنے کا درس دیتی ہے۔
نماز عید کی ادائیگی کے بعد مسلمانوں نے گلے مل کر ایک دوسرے کو عید کی مبارک باد دی پھر مختلف گھروں میں جانوروں کی قربانی کا سلسلہ شروع ہوا جو تین روز تک جاری رہے گا۔ بھٹکل میں لوگ سنت ابراہیمی کی پیروی میں اپنے جانور قربان کئے ۔عیدالاضحیٰ کے موقع پر پولس کا مناسب انتظام کیا گیا تھا۔ اور پولس اہلکار اہم مساجد کے باہر تعینات کئے گئے تھے۔
بارش کو دیکھتے ہوئے اس بار بھی عیدکی دوگانہ عیدگاہ میں نہیں پڑھائی جاسکی اور تمام جمعہ مساجد میں ہی نماز کا اہتمام کیا گیا۔ بھٹکل تعلقہ میں نماز عید کا سب سے بڑا اجتماع جامع مسجد میں نظر آیا۔خلیفہ جامع مسجد ، نوائط کالونی تنظیم جمعہ مسجد اور مخدومیہ جامع مسجد میں بھی ہزاروں کی تعداد میں مسلمانوں نے عید کی دوگانہ ادا کی۔
مدینہ کالونی جامع مسجد، نور مسجد، موگلی ہونڈا بلال جمعہ مسجد، مسجد حمزہ، مسجد ابوذر، مسجد بدریہ، مسجد احمد سعید ، مسجد امام بخاری، مسجد سیدنا ابراہیم ، جامع مسجد تینگن گنڈی ، شرالی کی رحمانی مسجد،علی میاں مسجد، مرڈیشور جامع مسجد، مرڈیشور نور مسجد، حسینی مسجد اور غوثیہ مسجد مرڈیشور میں بھی کثیر تعداد میں مسلمان نماز عید میں شریک ہوئے۔
پڑوسی اضلاع سمیت ریاست کے بعض حصوں اور پڑوسی ریاست کیرالہ میں گذشتہ روز ہوئی زبردست بارش کے بعد ہوئی تباہی اور بربادی کو دیکھتے ہوئے اس بار بھٹکل میں جانوروں کی قربانی کو لے کر زیادہ جوش نظر نہیں آیا۔ اس بار شہر میں جانور بھی کافی کم نظرآئے اور قربانی بھی گذشتہ سالوں کے مقابلے میں بے حد کم رہی۔
اُدھر دوسری جانب سعودی عرب سمیت خلیجی اور دیگر کئی ممالک میں کروڑوں مسلمانوں نے ایک روز قبل یعنی منگل کے روز عید الاضحی مذہبی جوش و جذبے سے منائی۔